اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرمین سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی رانا محمد فراز نون کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں تنظیم سازی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے اور علی کلاسرہ کو اسلام آباد ڈویژن کا صدر، عمارہ سعید انصاری کو اسلام آباد ڈویژن وومن ونگ کا صدر، مس فائقہ ملک کو کوآرڈی نیٹر وومن ونگ اسلام آباد، عرفان بھٹی وائس پریذیڈنٹ اسلام آباد کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اجلاس میں اسلم وحید کمال، سہیل قریشی، میاں ندیم، ملک ریاض، وقاص احمد، شمس قریشی و دیگر موجود تھے۔ رانا محمد فراز نون نے معروف سماجی رہنما عمارہ سعید انصاری کو حلقہ این اے 48 کا ٹکٹ دیا جس پر اجلاس کے شرکاء نے عمارہ سعید انصاری کو مبارکباد دیتے ہوئے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔ رانا محمد فراز نون نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارانی یونیورسٹی اسلام آباد سرائیکی سٹوڈنٹس کونسل کے طلبہ پر انتظامیہ کی طرف سے ہونیوالے ناروا سلوک اور غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ اسلام آباد نے سرائیکستان کو پاکستان سمجھا ہی نہیں۔ اب وقت آگیا ہے وسیب کے عوام اپنی اور ملکی بہتری کیلئے درست نمائندوں کا انتخاب کریں کہ آج تک تمام اقتدار پرست جماعتوں و سیاستدانوں نے سرائیکی صوبے کے قیام کے وعدے کئے اور اقتدار میں آکر صوبے کی بات تک کرنا گوارہ نہ کی۔ اقتدار پرستوں نے سرائیکی وسیب کے ووٹ کا ہمیشہ سودہ کیا ہے۔ ہم سرائیکی وسیب کے ساتھ ساتھ اسلام آباد مرکز میں بھی اپنی تنظیم کو مضبوط کر رہے ہیں اور انتخابات میں اسلام آباد سے بھی اپنے امیدوار کھڑے کریں گے کہ اسلام آباد نے کبھی سرائیکستان کو ملک کا حصہ نہیں سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ عمارہ سعید انصاری کی طرح خواتین کو انتخابی میدان میں قدم رکھنے کی ضرورت ہے کہ معاشرے میں خواتین کا استحصال ہو رہا ہے۔ اہل سرائیکستان کو کوئی انصاف نہیں دے گا، 8 فروری کو عوام خود اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ایس ڈی پی کا ساتھ دیں۔ ہم کس کس کی بات کریں؟ سرائیکی وسیب کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا ہے۔ سرائیکی قوم اپنے وطن میں بے وطن بنا دی گئی ہے۔ رقبے، وسائل اور ملازمتیں سب کچھ چھین لیا گیا ہے۔ وسیب کے لوگ مزدوری کے لیے کراچی جا کر جھگی نشین بنے تو ان کی جھونپڑیوں کو آگ لگا کر خاکستر کر دیا گیا۔ سرائیکی وسیب کے لوگ بلوچستان تربت گئے وہاں سے ان کی مسلسل لاشیں آرہی ہیں۔ کیا پاکستان پر سرائیکی قوم کا کوئی حق نہیں؟ سرائیکی صرف غلام رہنے کیلئے پیدا ہوئے ہیں؟ حکمرانوں اور سیاستدانوں کو سرائیکی قوم سے حساب کرنا ہو گا کہ سرائیکی قوم نے پاکستان کو کیا دیا اور بدلے میں سرائیکی قوم کو کیا ملا۔
سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی میں نئے عہدیداروں کی تعیناتیاں
