اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود اچکزئی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق محمود خان اچکزئی نے خط آج ہی الیکشن کمیشن میں جمع کروادیا ہے،صدارتی امیدوار نے الیکشن کمیشن کولکھے گئے خط میں موقف اپنایا ہے کہ صدارتی انتخابات کا الیکٹرول کالج نامکمل ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بعض مخصوص نشستیں خالی ہیں، الیکٹورل کالج مکمل کیے بغیر صدارتی انتخاب غیر آئینی اور غیر قانونی ہوگا۔ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لیے درخواست بھی پشاور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 9 مارچ کو صدارتی انتخاب کرانے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے لیے پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا بھی اس حوالے سے بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا خواہش ہے کہ محمود خان اچکزئی کو صدارتی الیکشن میں ووٹ دوں لیکن پارٹی کا فیصلہ واجب ہے کہ ووٹ نہیں ڈالنا۔