اسلام آباد:اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ محمد اورنگزیب نے مشیر خزانہ اور عطاتارڑ نے وزارت اطلاعات و نشریات کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہبازشریف کی نئی کابینہ کے ارکان نے اپنے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا ، مشیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، وزارت خزانہ کے سینئیر حکام نے محمد اورنگزیب کا خیر مقدم کیا ،وزارت خزانہ کی طرف سے محمد اورنگزیب کو معاشی حالات پر بریفنگ بھی دی گئی ، حکام نے آئی ایم ایف اور دیگر غیر ملکی امدادی اداروں کے معاملات پر بریفنگ دی ۔
وزارت خزانہ حکام نےمشیر خزانہ کو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور اکاؤنٹس کی صورتحال سے آگاہی فراہم کی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں جارہے ہیں، آئندہ ہفتہ سے مذاکرات شروع ہوجائیں گے، تمام توانائیاں ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کےلئے اقدامات اٹھائیں گے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرکے بتایا کہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں نئی ذمہ داریوں کا چارج سنبھال لیاہے , اسحاق ڈار پاکستان کے 39 ویں وزیر خارجہ ہیں, دفتر خارجہ نے نئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سرکاری تصویر بھی جاری کر دی۔
وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے وزارت اطلاعات و نشریات میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔وزارت اطلاعات میں اپنے دفتر آمد پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافی برادری کے لیے کھلے رہیں گے۔ ملک میں مثبت اور تعمیری صحافت کو فروغ دینے اور حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کے لیے میڈیا کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ میڈیا عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے، اس کردار کو بہتر طریقے سے نبھانے کی ضرورت ہے۔