راولپنڈی(نیوز ڈیسک)راولپنڈی میں گیس لیکیج کے باعث پے در پے 3 دھماکوں میں 2 بچے جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق گیس لیکیج کے باعث پہلا دھماکا بھابڑا بازار میں واقع گھر میں ہوا، آتشزدگی کے باعث 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ کمرے میں گیس جمع ہوگئی تھی، بجلی کا سوئچ آن کرتے ہی دھماکا ہوگیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آتشزدگی کے باعث دونوں بچے جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت آیت فاطمہ اور ارحم کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ آتشزدگی کے باعث بچوں کی والدہ کا جسم بھی 50 فیصد جھلس گیا، زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
گیس لیکیج کے باعث دوسرا دھماکا وارث خان کے علاقے آریہ محلے میں ہوا، آگ لگنے کے باعث 5 افراد جھلس گئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ پانچوں زخمی افراد کو بےنظیر بھٹو ہسپتال منتقل کردیا گیا، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آگ سے جھلسنے والوں کی شناخت انتظار، ریاض احمد، پروین، 26 سالہ عنبرین اور 15 سالہ امبر کے نام سے ہوئی ہے۔
گیس لیکیج کے باعث تیسرا دھماکا ٹینچ آبادی نمبر 2 میں واقع گھر میں ہوا، آتشزدگی کے باعث 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں عبداللہ اور حسن نامی شہری شامل ہیں۔