اسلام آباد(نیوزڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ کو خط لکھا جس میں چینی صدر کی جانب سے تہنیتی پیغام پر صدر مملکت نے اُن کا شکریہ ادا کیا۔
صدرمملکت آصف زرداری نے کہا کہ چین کے ساتھ سدابہار شراکت داری مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان اور چین محض پڑوسی نہیں ، بلکہ آہنی بھائی ہیں ،
دونوں ممالک کی مضبوط دوستی علاقائی امن، استحکام اور ترقی کیلئے کلید کی حیثیت رکھتی ہے،
دونوں ممالک سدابہار تزویراتی تعاون کی شراکت داری کی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں،
خط میں کہا گیا کہ پاکستان اور چین نے پاک-چین اقتصادی راہداری سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ، صدر شی جن پنگ کی غیر متزلزل حمایت سی پیک کی ترقی کیلئے ناگزیر رہے گی ، تاریخ نے پاکستان اور چین کو ایک منفرد رشتے میں جوڑا ہے ،
تمام عالمی مسائل پر باہمی احترام، افہام و تفہیم اور مشترکہ خیالات سے پاک -چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے،
صدر مملکت نے چین کے ساتھ عملی تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر ِمملکت نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے پاک -چین دوستی کی جانب صدر زرداری کے عزم کے اعتراف کو بھی سراہا۔