ماسکو(نیوز ڈیسک)آج روس میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ ہو رہی ہے۔ یہ عمل تین دن تک جاری رہے گا، اس صدارتی انتخاب میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے مزید 6 سال کے لیے صدر منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔
روس کے صدارتی انتخاب کے حوالے سے دنیا بھر میں یہ تاثر پایا جارہا ہے کہ صدرپیوٹن نے تمام معاملات اپنے ہاتھ میں رکھ کر کسی بھی سیاسی حریف کی فتح کے تمام امکانات ختم کردیے ہیں۔
پیوٹن کے سب سے بڑے مخالف الیگزی نیوالنی 16 فروری کو دنیا کے سرد ترین خطے سربیا کی پینل کالونی میں انتقال کرگئے تھے۔
اس موقع پر روسی صدرولادیمیر پیوٹن نے اپنے ملک کے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ صدارتی انتخابات میں حصہ لیں۔ تاس نیوز ایجنسی کے مطابق صدرپوتن نے ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایک ساتھ آگے بڑھنے کے لیے ہمارے اتحاد اور عزم کی تصدیق ضروری ہے۔
آپ کا ہر ووٹ قیمتی اور اہم ہے۔ اس لیے میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ اگلے تین دنوں میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔روسیوں کویہ بات یاد دلاتے ہوئے کہ وہ ایک خاندان ہیں انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن ہرشہر، قصبے اورگاؤں میں کھلے رہیں گے۔ صدرپیوٹن نے کہا کہ پیارے دوستو! ہم سب، روس کے کثیر القومی لوگ اور ایک بڑا خاندان ہیں۔