اسلام آباد (نیوز ڈیسک )سپریم کورٹ نے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کا سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان، جمال خان مندو خیل، سید حسن رضوی، اور جسٹس عرفان پرمشتمل پانچ رکنی بینچ نے جسٹس شوکت صدیقی کی برطرفی کے خلاف آئینی درخواستوں پر سماعت 23 جنوری 2024 کو مکمل کر لی تھی، جس کے بعد اب تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیاہے ۔
فیصلہ چیف جسٹس نے تحریری کیا ہے جو کہ 23 صفحات پر مشتمل ہے جس میں قرار دیا گیاہے کہ سپریم کورٹ جوڈیشل کونسل نے کارروائی کرتے ہوئے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو برطرف کیا تھا اسے سپریم کورٹ کالعدم قرار دیدیتی ہے ، جبکہ 11 اکتوبر 2018 کو برطرفی کا نوٹیفکیشن بھی کالعدم کیا جاتا ہے ،
جسٹس شوکت عزیز صدیقی اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کے طور پر ریٹائر تصور ہوں گے اور انہیں ریٹائرمنٹ کی تمام مراعات دی جائیں گی ۔