اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)رائل ڈینش ایمبیسی میں تعینات سفیر جیکب لنلف نے وفاقی سیکرٹری ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن افتخار علی شلوانی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاکستان میں صحت کے شعبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کا مقصد ڈنمارک اور پاکستان کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو بڑھانا تھا۔
ملاقات کے دوران وفاقی سیکرٹری نے پاکستان کو درپیش انسولین کی کمی کے چیلنج پر روشنی ڈالی اور مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے اس مسئلے سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر جیکب لنلف نے صحت کے شعبے میں چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
افتخار علی شلوانی نے سفیر کو ڈی ریگولیشن کے ذریعے ادویات کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کی پاکستان کی کوششوں اور ملک میں مقامی ادویات سازی کو فروغ دے کر درآمدات پر انحصار کم کرنےکے عزم کے بارے میں آگاہ کیا۔ دونوں معززین نے اتفاق کیا کہ دواسازی کی مارکیٹ میں مسابقت میں اضافہ قیمتوں کو کم کرنے اور ضروری ادویات تک رسائی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ملاقات میں پاکستان میں ذیابیطس اور موٹاپے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی بات ہوئی۔ دونوں معززین نے اس مسلہ پر عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور اقدامات کی ضرورت کو تسلیم کیا۔
سفیر جیکب لینولف نے صحت کے شعبے کے چیلنجوں سے نمٹنے اور ہیلتھ کیئر سروسز بہتر بنانے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے ڈنمارک کے عزم کا اظہار کیا۔