واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکہ نے پاکستان کو ایران سے کاروباری روابط قائم کرنے کی صورت میں معاشی پابندیوں کی دھمکی دے دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق سوال پر جواب میں کہا ہے کہ ہرایک کو مشورہ دیتے ہیں ایران کے ساتھ کاروبار کرنے سے امریکی پابندیوں کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ سب کو مشورہ ہے ایران کے ساتھ کاروبار سے پہلے اس بات پرغور کریں، اسسٹنٹ سیکرٹری نے واضح کیا تھا ہم اس پائپ لائن کو آگے بڑھانے کی حمایت نہیں کرتے۔
خیال رہے کہ 23 فروری کو نگران کابینہ توانائی کمیٹی نے ایرانی بارڈر سے گوادر تک 81 کلومیٹرپائپ لائن بچھانے کی منظوری دی تھی جبکہ گزشتہ روز وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے سے متعلق امریکہ سے بات کی جائے گی اور امریکہ سے رعایت کا مطالبہ کیا جائے گا۔