کراچی(سپورٹس ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے داماد شاہین شاہ آفریدی کے حق میں آواز بلند کر دی ہے ۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی میں رمضان المبارک فٹبال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہین کو کپتانی کی ذمہ داری دی گئی تو اُسے وقت بھی دینا چاہیے، پی سی بی میں ہرآنے والا سمجھتا ہے کہ اس سے پہلے آنے والے نے غلط کام کیے۔ تبدیلی کی باتیں سامنے آنے سے لگتا ہے کہ کپتان بنانے کا جوفیصلہ پہلے کیا گیا تھا یا تو وہ غلط تھا یا اب جو ہوگا وہ غلط ہوگا۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم کا ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ درست ہے، اگر کوئی کھلاڑی سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کے لیے خدمات سر انجام دے سکتا ہے تو اسے کرکٹ کھیلنی چاہیے، تاہم دونوں مزکورہ کھلاڑیوں کواپنی فٹنس دیکھانی پڑے گی اور ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ بننا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ عماد وسیم اور محمد عامر سینئر اورتجربہ کار کھلاڑی ہیں،ان کی موجودگی پاکستان کرکٹ ٹیم کو تقویت دے گی جبکہ نوجوان کرکٹرز کو ان سے سیکھنے کو ملے گا اور اس کا فائدہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو پہنچے گا۔