چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو کھیل پر فوکس رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئےکہا ہےکہ ٹیم میں کسی قسم کی گروپ بندی نہیں ہونی چاہیے، سب کو ایک ٹیم ہوکر کھیلنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے جاری فٹنس کیمپ اور آنے والی سیریز پر گفتگو کی۔ محسن نقوی نے تمام کھلاڑیوں کو کھیل پر اپنا فوکس رکھنےکی ہدایت کی۔
چیئرمین پی سی بی نے ہدایت کی کہ ٹیم میں کسی قسم کی گروپ بندی نہیں ہونی چاہیے، سب کو ایک ٹیم ہوکر کھیلنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی اسکلز بڑھانے کے لیے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کر رہے ہیں، 2 غیرملکی کوچز سے معاملات طے پاگئے ہیں، اگلے دوچار روز میں باقاعدہ اعلان کردیا جائےگا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم سے منسلک تمام فیصلے میرٹ پر ہوں گے،کسی کی ڈکٹیشن نہیں لی جائےگی، آپ سب پاکستان کے کھلاڑی ہیں، ہمارا فخر ہیں،کیمپ میں بھرپور محنت کے ساتھ ٹریننگ کریں، ہر کھلاڑی اپنی انفرادی فٹنس پر کام کرے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ محسن نقوی نےکہا کہ بابراعظم کو کپتان مقرر کرنےکا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کی ایڈوائس پرکیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام کھلاڑیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہے،گراؤنڈ میں پرفارمنس دینا آپ کا کام ہے،گارنٹی دیتاہوں جو پرفارمنس دےگا ٹیم میں ضرور کھیلےگا، کسی کی بھی سفارش کوقبول نہیں کیا جائےگا۔