اسلام آباد(نیوزڈیسک)پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقارعلی بھٹو کی 45 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے،ملک کو پہلا متفقہ آئین دینے والے سابق وزیراعظم کو 4 اپریل 1979 کی صبح پھانسی دی گئی تھی۔45 برس بعد حال ہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے صدارتی ریفرنس کے جواب میں قرار دیا کہ بھٹو کے مقدمے میں قانون اور انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے اور انہیں فیئر ٹرائل کا حق نہیں ملا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ4 اپریل 1979 کو وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو ایک غیرشفاف عدالتی کارروائی کے ذریعے پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔ چوالیس سال بعد سپریم کورٹ نے اس تاریخی غلطی کا ازالہ کیا لیکن ذوالفقار علی بھٹو کے اہل خانہ اور کارکنوں کے لئے اس ناقابل تلافی نقصان کا ازالہ محض آنسو اور نہ ختم ہونے والا افسوس ہے۔ ہم ذوالفقارعلی بھٹو کی ملک وقوم کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور تمام وابستگان کے لئے صبر کی دعا کرتے ہیں۔