اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ججوں کو ملنے والے خطوط کی حکومت پوری ذمہ داری سے تحقیقات کرائے گی، سنجیدہ معاملہ ہے اس پر سیاست کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ہونے والی ملاقات کی روشنی میں کابینہ کی منظوری سے کمیشن بنایا، تصدق جیلانی کی مشاورت سے انکوائری کمیشن تشکیل دیا گیا، بعد میں سابق چیف جسٹس نے انکوائری کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرلی، اب عدالت عظمیٰ معاملے پر ازخود کارروائی کررہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ججز کو موصول ہونے والے خطوط میں مشکوک پاؤڈر پر تحقیقات جاری ہیں، حکومت پوری ذمہ داری سے معاملے کی تحقیقات کرائے گی، سنجیدہ معاملہ ہے اس پر سیاست کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کررہا ہوں، مختلف شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں ایس آئی ایف سی کا کلیدی کردار ہے، وزارتوں کو درپیش مشکلات کو حل کیا جائے گا تاکہ جلد معاشی اہداف حاصل ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کے لیے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے، معاشی استحکام کے لیے آئی ایم ایف کا ایک اور پروگرام ضروری ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کے 1.1 ارب ڈالر اسی ماہ مل جائیں گے۔