اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان کی غزہ پر دوبارہ اسرائیلی حملے کی مذمت ،غزہ میں ہسپتالوں ، مساجد اور رہائشی علاقوں پر حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا فلسطین کی صورتحال پر تشویش ہے، عالمی برادری فلسطین کی صورتحال پر فوری فیصلہ کن اقدام کرے، فلسطینیوں کے ساتھ غیر امتیازی سلوک بند ہونا چاہیے، غزہ میں ظلم کی نئی داستان رقم کی گئی، پاکستان نہتے فلسطینوں کے ساتھ کھڑا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کاپ 28کانفرنس میں شرکت کیلئے یو اے ای کے دورہ پر ہیں، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کل کانفرنس سے خطاب کریں گے ، کانفرنس میں پاکستان ترقی پذیر ممالک کیلئے لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کی ضرورت پر روشنی ڈالے گا۔
انہوں نے بتایا نگران وزیراعظم انوارالحق کرکڑ نے متحدہ عرب امارات اور کویت کے دوطرفہ دورے کیے،یو اے ای اور کویت کی قیادت سے دو طرفہ ملاقاتیں کی گئیں ۔
نگران وزیراعظم نے دنیا میں فلسطین کے حق میں آواز اُٹھائی۔
مزید پڑھیں: صدر عارف علوی کو عہدے سے برطرف کرنےکیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
ممتاززہرا بلوچ نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، کشمیری عوام کے ساتھ ظلم وزیادتی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے گزشتہ ہفتے برسلز کا دورہ کیا، برسلز میں جی ایس پی پلس سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔