اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی میڈیا پر پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں آرہی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ صنعت ہو یا معیشت، ہر طرف سے مثبت اشاریے بھی مل رہے ہیں، شہباز شریف کے آتے ہی بلوم برگ نے کھل کر بات کی تھی کہ شہباز شریف کو مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات کا تجربہ ہے اور وہ معاشی اصلاحات کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ 16 ماہ کی گزشتہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا جس کے نتیجے میں روپیہ مستحکم رہا، جس کے نتیجے میں معیشت مستحکم ہوئی، اسی طرح اسٹاک ایکسچینج کو دیکھیں تو وہاں سے بھی روز نئی خبریں آرہی ہیں، روز ریکارڈ قائم ہور رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن جو ملک کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، جن کو پاکستان کی ترقی اور پھلتی پھولتی معیشت ہضم نہیں ہوتی، وہ اپنے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اس واقعے کا جیسے ہی پتا لگا تو شہباز شریف فوراً ہی چینی سفارتخانے گئے، چینی سفیر سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بہت سارے اجلاس کیے، انہوں نے داسو واقعے پر ایک انکوائری کمیٹی بنائی تھی، ہمارے حوصلے بُلند ہیں اور کسی کو امن خراب نہیں کرنے دیں گے، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے کے والے ادارے سب دہشت گردی کے خاتمے پر کاربند ہیں، اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔