ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار عامر خان کی سابقہ اہلیہ و ہدایتکار کرن راؤ نے کہا ہے کہ وہ آزادانہ طور پر زندگی گزارنا چاہتی تھیں، اسی لیے اداکار سے طلاق لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرن راؤ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں اور عامر خان شادی سے پہلے تقریباََ ایک سال تک ساتھ رہے اور پھر ہم نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ ہمارے والدین بھی یہی چاہتے تھے۔
کرن راؤ نے کہا کہ ہر ایک کے لیے شادی جیسا رشتہ بہت اہم ہوتا ہے، یہ ہمارے معاشرے کے لیے بھی اہم ہے اور سب سے بڑھ کر بچوں کے لیے بہت اہم ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ جس چیز کے بارے میں ہم بات نہیں کرتے وہ یہ ہے کہ شادی کس طرح خاص طور پر خواتین کا گلا گھونٹتی ہے، شادی کے بعد عورت پر ذمہ داری بڑھ جاتی ہے، اُسے گھر بھی چلانا ہے، بچوں کی پرورش بھی کرنی ہے، خاندان کو اکٹھے بھی رکھنا ہے اور بہت سی دیگر ذمہ داریاں بھی پوری کرنی ہوتی ہیں۔
کرن راؤ نے کہا کہ میں بھی ان تمام مراحل سے گزری ہوں، میں نے دیگر خواتین کی طرح شادی کے بعد تمام ذمہ داریاں نبھائی ہیں لیکن اب مجھے ان ذمہ داریوں کی فکر نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میرا عامر خان کے ساتھ گہرا تعلق قائم ہے، ہم ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں اور ہم دونوں ہی بہت مضبوط انسان ہیں۔
کرن راؤ نے طلاق کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی ترقی کے لیے آگے بڑھنا تھا، میں آزادانہ طور پر زندگی گزارنا چاہتی تھی اور میں نے محسوس کیا کہ یہ سب طلاق کے بعد ہی ہوسکتا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ عامر نے بھی میرے فیصلے کی حمایت کی، اسی لیے مجھے اپنی طلاق کے فیصلے پر کوئی پچھتاوا یا دُکھ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 1996 میں عامر خان نے رینا دتہ سے شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا جنید خان اور بیٹی آئرا خان ہے لیکن شادی کے 16 سال بعد اس جوڑی کی طلاق ہوگئی تھی۔
رینا دتہ سے طلاق کے بعد عامر خان نے سال 2005 میں کرن راؤ سے دوسری شادی کی تھی جن سے اُن کا بیٹا آزاد خان ہے، اداکار کی دوسری شادی بھی نہ چل سکی اور 2021 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔