گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) گیپکو میں کروڑوں روپے کی مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف ہواہے۔ تفصلات کے مطابق گیپکو کی ریونیو برانچ میں سال کی سب سے بڑی کرپشن کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ ریونیو برانچ میں تعینات افسران و عملہ صارفین کے اربوں روپے ڈکار گئے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے گیپکو کے متعدد افسران کو حراست میں لے لیا،زیر حراست افسران میں گریڈ 17 کے ریونیو افسران بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کے مالی بے ضابطگیاں ریونیو آفس 1 اور ریونیو آفس 3 میں ہوئیں۔ایف آئی اے کے مطابق ریونیو برانچ میں تعینات افسران و عملہ صارفین کے یوٹیلٹی بلز کی رقم ہڑپ کر گئے۔ایف آئی اے کی جانب سے سورس رپورٹ پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے میں مذکورہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات چل رہی تھیں۔