اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن سردار طاہر محمود اور جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد رفیق نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبے کی راہ میں ٹیکسز کا بوجھ بڑی رکاوٹ ہے جس کے باعث سرگرمیاں جمود کا شکار ہو جاتی ہیں، حکومت رئیل اسٹیٹ شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو پرکشش مراعات دے،بیرون ملک مقیم پاکستانی رئیل اسٹیٹ شعبے میں سرمایہ کاری نے میں دلچسپی رکھتے ہیں اگر انہیں مراعات دی جائیں تو وہ اس شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ زائد ٹیکسوں اور قیمتوں میں اضافے کے باعث تعمیراتی سامان بشمول سیمنٹ، سٹیل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے جس وجہ سے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کی کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار ہیں اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ رئیل اسٹیٹ شعبے کیلئے سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرے جس سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور معیشت مشکلات سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی۔