اسلام آباد(سٹی رپورٹر )خصوصی ومعذورافرادبے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور اگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تووہ ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا اہم کرداراداکرسکتے ہیں،ان خیالات کااظہار پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اورسی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پرسی ڈی اے کے معذورافرادکی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر معذورافرادکی نمائندگی مرزاخلیل احمد،عابدحسین جٹ،فیصل ندیم،ریاست علی،سید ندیم حیدرشاہ،محمد عارف،چوہدری محمودسمیت دیگرافرادنے کی۔چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ عصرحاضر میں خصوصی طور پر اہل افراددنیا بھر میں مختلف شعبہ زندگی میں کارہائے نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں،03دسمبرکو پاکستان سمیت دنیا بھر میں معذورافرادکا عالمی دن منایاجاتا ہے ۔جس کامقصد معاشرے کے تمام شعبوں میں معذورافرادسے اظہاریکجہتی کرنا،ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کوفروغ دینا،ان کے مسائل کو اجاگرکرنا اور انکی افادیت پر زوردینااور کسی بھی طرح کی احساس کمتری کا شکار ہونے سے بچاکر عام افرادکی طرح زندگی گزارنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔انھوں نے وزیر اعظم پاکستان اور متعلقہ حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ معذورافرادکے حوالے سے جو کوٹہ مختص کیا گیا ہے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور معذور و خصوصی افرادکے حوالے سے موجودہ قوانین پر عمل درآمد کے ساتھ انکے مسائل حل کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے اس کے ساتھ ساتھ معذورافرادکو مفت تکنیکی اور تربیتی ٹریننگ دی جائے تاکہ وہ روزمرہ زندگی میں اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں۔