گوجرانوالہ۔(سٹا ف رپورٹر) مون سون سے قبل واسا کی جانب سے نالوں کی موثر صفائی مہم شروع ہو گئی۔ایم ڈی واسا کاشان حفیظ بٹ کی ہدایات پر مون سون سے قبل شہر کے تمام نالوں کو صاف کیا جا رہا ہے۔ واسا ترجمان کے مطابق موثر ڈی سلٹنگ کے باعث صنعت روڈ جناح کالونی و دیگر مختلف مقامات پر ڈرین میں پانی کی روانی بہتر ہوگئی ہے۔ مزید مقامات پر بھی کام جاری ہے۔ایم ڈی واسا کاشان حفیظ بٹ نے کہا ہے کہ شہر بھر میں سیوریج لائنز اور مین چینلز کی صفائی اور ڈی سلٹنگ تیزی سے جاری ہے جس کے لئے تمام متعلقہ افسروں و سٹاف کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دینے کی ہدایت کی گئی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور شہریوں کی شکایات کا ازالہ ہنگامی بنیادوں پر کیا جارہا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ڈی سلٹنگ و صفائی کی مانیڑنگ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سے التماس کی گئی ہے کہ کوڑا کڑکٹ سیور لائنوں ، گٹروں یا نالوں میں نہ پھینکیں۔ یہ چیزیں نکاسی آب کے عمل کو بری طرح متاثر کرتی ہیں۔ واسا گوجرانوالہ نکاسی آب کے عمل کی بہتری کے لئے ہما وقت کوشاں ہے۔