اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان کے پہلے خلائی مشن “آئی کیوب کیو” کی خلا میں روانگی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ آج کا دن ہم سب کے لئے باعث فخر اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پرسائنسدان، خلائی اداروں کے ماہرین اور اراکین خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم کا خلاؤں کو تسخیر کرنے کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلا پاکستانی چاند مشن “آئی کیوب کیو” پاک چین دوستی کو خلا میں بھی امر کرے گا۔ہمالیہ سے بلند، پاک چین دوستی اب چاند پر بھی اپنے نقوش ثبت کرے گی۔ “ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں “کے اسلاف کے رستے پر چل رہے ہیں اور مستقبل میں ہمیں اندھیروں کی پیمائش کرنے کی بجائے اجالے شمار کرنا ہوں گے۔ہمارے نوجوان اور ماہرین اپنی صلاحیتوں پہ بھروسہ کر کے دنیا بھر کو تسخیر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،وقتی مسائل خوشحالی، استحکام اور عروج کا رستہ نہیں روک سکتے ۔