اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزادی صحافت اور اظہار رائے پر پختہ یقین رکھتی ہے۔آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا آئین آزادی صحافت اور شہریوں کو درست معلومات تک رسائی کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پریس کا کردار شفافیت اور اعلیٰ اخلاقی معیار کے ساتھ صحت مند گفتگو اور ذمہ دارانہ صحافت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آزادی صحافت کے عالمی دن کو منانے میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر آزادی صحافت کو برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ ہیں۔انہوں نے صحافیوں، میڈیا ورکرز، مصنفین اور کیمرہ مینوں کو خراج تحسین پیش کیا اور آزادی صحافت کے لیے ان کی جدوجہد کو سراہا۔