لاہور(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے سمبڑیال کھاریاں موٹروے کے منصوبے کا فضائی دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر مواصلات کو انہیں فرنٹینئر ورکس آرگنائزیشن کے اعلیٰ حکام کی طرف سے تعمیراتی کام اور اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری مواصلات، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ موٹروے کے تعمیراتی کام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ذرائع آمدو رفت کی تیز اور بہترین سہولتیں میسر ہو سکیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کالا شاکاکو کے قریب لاہور رنگ روڈ کے سدرن لوپ تھری اور لوپ فور کے تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا جہاں انہیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔ عبدالعلیم خان نے لاہور رنگ روڈ کی بھی جلد تکمیل کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ قومی اہمیت کے حامل تعمیراتی منصوبوں کی شفافیت اور اُن کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔