اسلام آباد(نیوزڈیسک)ملائیشیا میں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے 30 ویں ایڈیشن کے پہلے روز افتتاحی میچوں میں پاکستان نے میزبان ملک ملائیشیا کو 4-5 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے مطابق سلطان اذلان شاہ کپ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں کینیڈا، جاپان، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔
ان 6 ٹیموں میں جاپان کے علاوہ 5 ٹیمیں ٹورنامنٹ کے فورا بعد ایف آئی ایچ ہاکی مینز نیشنز کپ میں شرکت کے لیے پولینڈ جائیں گی۔
سلطان اذلان شاہ کپ 2024 کا آغاز راؤنڈ رابن مرحلے سے ہوا جہاں تمام 6 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی جس کے بعد پلے آف میچ کھیلے جائیں گے۔
لیگ مرحلے میں سب سے کم میچ جیتنے والی ٹیمیں پانچویں پوزیشن کے لیے مقابلہ کریں گی۔ پول مرحلے میں تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں کانسی کے تمغے کے لیے مدمقابل ہوں گی جبکہ ٹاپ 2 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔