مظفر آباد(نیوز ڈیسک)آزادکشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے، میرپور کے علاقے اسلام گڑھ میں مظاہرین کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر عدنان قریشی شہید ہوگئے۔
آزادکشمیر کے مختلف علاقوں سے قافلے مظفرآباد کی جانب رواں دواں ہیں، دن بھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا اور کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔
مظفرآباد میں بھی پولیس نے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کیا اور ٹولیوں کی شکل میں جمع ہونے والے نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ بیلہ نور شاہ میں آنسو گیس کا شیل لگنے سے ننھا بچہ زخمی ہوگیا۔
اس کے علاوہ پونچھ کوٹلی مرکزی شاہراہ بھی میدان جنگ کا منظر پیش کرتی رہی جہاں مظاہرین نے مجسٹریٹ کی گاڑی جلا دی۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام بنیادی حقوق کے حصول کے لیے شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دی گئی ہے اور قافلے مظفرآباد بھی جانب رواں دواں ہیں۔
حکومت کی جانب سے ایکشن کمیٹی کی قیادت کو مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے مگر تاحال کسی نکتے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات ۔
1_ آزاد کشمیر کے شہریوں کو منگلا ڈیم کی پیداواری لاگت پر ٹیکس فری بجلی مہیا کی جائے نیز تمام ہائیڈل پاور پراجیکٹس کے متعلق ہائیکورٹ کے 2019 کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے
2_ آزادکشمیر کے شہریوں کو بلا تخصیص گلگت بلتستان کے ریٹس کے مطابق 1016 روپے فی من آٹا مہیا کیا جائے ۔ آبادی کے تناسب سے ایلوکشن پوری کرکے معیاری آٹا مہیا کیا جائے ۔ کرپشن کی روک تھام کے لیے گندم خریداری سے عوام کو آٹا پہنچانے تک بائیؤ میٹرک سسٹم نافذ کیا جائے
3_ تمام حکمران طبقات صدر۔ وزیراعظم ۔ وزراء کرام ۔ ممبران اسمبلی ۔ ججز ۔ بیوروکریٹس ۔ لینٹ آفیسران ۔ سابق صدر ۔ سابق وزراء اعظم ۔ ججز و ممبران اسمبلی کی تمام تر مراعات ختم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے ۔اس حوالے سے اسمبلی میں قانون
سازی کی جائے۔
4- کشمیر کا نیشنل گرڈ
اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے اور آزادکشمیر کو لوڈ شیڈنگ فری زون قرار دیا جائے۔
5- محکمہ برقیات اور محکمہ خوراک میں ھونے والی کرپشن اور بے ضابطگیوں اور صارفین کو لوٹنے کے خلاف ہائیکورٹ کے معزز ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے ۔
6_ حکومت کی طرف سے 4 فروری کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن ماسوائے آٹا سبسڈی پر عمل درآمد کیا جائے نیز 4 فروری کو کیے گئے معاہدہ پر نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں ۔