راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی راولپنڈی کے زیر اہتمام کمشنر نیزہ بازی فیسٹول 2024 کا انعقاد گورکھپور میں کامیابی سے کیا گیا جس میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر سے نیزہ بازی کلبز نے شرکت کی اور حاضرین کو گھڑ سواری اور نیزہ بازی کی مہارت سے مسحور کیا۔
پی ایچ اے راولپنڈی کے زیر اہتمام نیزہ بازی کے مقابلوں میں دھول اڑاتے سرپٹ دوڑتے گھڑ سواروں نے دن بھر شایقین سے اپنی نیزہ بازی کی مہارتوں سے بھر پور داد سمیٹی اور نیزہ بازی کے قدیم کھیل کے حسن کو اجاگر کیا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے مہمان خصوصی کمشنر راولپنڈی عامر خٹک کا پنڈال میں استقبال کیا اور نیزہ بازی میلے کے کامیاب انعقاد پر گھڑ سوار اور نیزہ بازی کلبز اور شائقین کی جانب سے انکی کوششوں کو سراہا گیا۔
کمشنر نیزہ بازی فیسٹول 2024 میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر سے گھڑ سوار پچاس سے زائد کلبز نے حصہ لیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے کہا کہ نیزہ بازی دیہات سے شہروں کی جانب تیزی سے مقبول ہوتا کھیل ہے اور نیزہ بازی کو پی ایچ اے کی سپورٹس سرگرمیوں میں نمایاں اہمیت حاصل ہے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر اس کھیل کی پزیرائی اور حوصلہ افزائی سے پاکستان عالمی سطح پر نمایاں پہچان حاصل کر سکتا ہے ۔
میلے میں رنگ برنگی پگڑیاں سروں پر سجائے گھڑ سواروں اور نیزہ بازی کلبز کے شرکاء کا کہنا تھا کہ نیزہ بازی جراتمند اور بلند حوصلہ جوانوں کا کھیل ہے جس کی حکومتی سطح پر پذیرائی اس کھیل کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت کی بنیادی وجہ ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا
گھڑ سواری اور نیزہ بازی قدیم کھیل ہیں اور حکومتی سطح پر سپورٹ سے تیزی سے دیہات سے شہروں میں مقبول ہو رہے ہیں۔
راولپنڈی سے نیزہ بازی کلب کے شرکاء نے کہا کہ نیزہ بازی اور گھڑ سواری جراتمند اور بلند حوصلہ جوانوں کا کھیل ہے۔
نیزہ بازی اور گھڑ سواری کو پی ایچ کے زیر اہتمام سپوٹس ایکٹیوٹیز میں نمایاں اہمیت حاصل ہے ۔
کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے تقریب کے اختتام پر گھڑسواروں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری تفریح اور سپوٹس ایکٹیوٹیز مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور اس حوالے سے پی ایچ اے کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیا۔