پاکستان کے سینیئر اور نامور اداکار محمد نور الحسن کا تاریخی ڈرامے ’ سلطان: صلاح الدین ایوبی’ کا کردار سامنے آگیا۔
اب تک محمد نورالحسن واحد پاکستانی اداکار ہیں جن کا ’ سلطان: صلاح الدین ایوبی’ میں کردار سامنے آیا ہے۔
’ سلطان: صلاح الدین ایوبی’ کے ترک زبان کے جاری کیے گئے ٹریلر میں محمد نور الحسن کے کردار کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔
نور الحسن نے ’ سلطان: صلاح الدین ایوبی’ میں اسلامی مبلغ، اسکالر اور روحانی شخصیت حضرت عبدالقادر جیلانی کا کردار ادا کیا ہے۔
مختصر دورانیے کے ترک زبان کے جاری کیے گئے ٹریلر میں نور الحسن کو عبدالقادر جیلانی کے کردار میں دکھایا گیا ہے۔
حضرت عبدالقادر جیلانی کا کردار مذکورہ ڈرامے میں مختصر ہونے کی امید ہے مگر ان کا کردار انتہائی اہم اور روحانی ہے جو کہ مرکزی کردار صلاح الدین ایوبی کی رہنمائی کرتا دکھائی دے گا۔
یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ ڈرامے میں صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار اغور غنيش (Uğur Güneş) نے ادا کیا ہے جب کہ ڈرامے کے زیادہ تر تمام مرکزی کردار ترک اداکاروں نے ادا کیے ہیں۔
حضرت عبدالقادر جیلانی کی شخصیت اسلامی تعلیمات کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور ہے، وہ ایران کے شہر جیلان یا گیلان میں پیدا ہوئے تھے اور اسی وجہ سے ان کے نام کے آخر میں جیلانی لکھا جاتا ہے۔
حضرت عبدالقادر جیلانی نے صلاح الدین ایوبی سمیت اپنے وقت کے دیگر مسلم سپہ سالاروں کو رہنمائی بھی دی۔
’ سلطان: صلاح الدین ایوبی’ ڈرامے کو پاکستان میں بھی رواں ماہ مئی سے اردو زبان میں ہم ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے جب کہ گزشتہ برس کے اختتام سے اسے ترکیہ میں ترک زبان میں نشر کیا جا رہا ہے۔