اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عارف علوی صاحب نے 9 مئی کے واقعے میں کچھ افراد کی ذمے داری تو قبول کی۔
’نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ فوج نے اگر اپنے لوگوں کے خلاف کارروائی کی ہے تو وہ لاپروائی یا سازش میں ملوث پائے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فوج نے قاعدے اور قانون کے تحت کارروائی کی، جہاں تک سیاسی جماعت کا تعلق ہے اس کا قائد للکار رہا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ان کی سیالکوٹ کی لیڈرشپ نے اپنے انٹرویو میں بانیٔ پی ٹی آئی کو ذمے دار ٹھہرایا، میرے خیال میں ان کا مطلب ہے چند افراد پر ذمے داری ڈال دیں جو براہِ راست ملوث ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بطور پارٹی یہ تشدد کے نظریے کی پیروی کر رہے ہیں، ان کا لیڈرکہتا رہا ہے کہ امریکا برا ہے، آج کل دوست ہے، سفیر سے بھی مل رہے ہیں، محتلف لابیز پر پیسے بھی لگا رہے ہیں، مختلف اوقات میں ان کی پالیسی بدلتی رہتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بقول عارف علوی جو لوگ ملوث نہ تھے وہ 9 مئی سے متعلق کھل کر اظہارِ مذمت کیا کریں، جن لوگوں نے اس دن تنصیبات پر حملے کیے، کہیں پارٹی کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔