کینبرا(نیوز ڈیسک )آسٹریلیا کی جانب سے ویزا درخواستوں کے لئے انگریزی زبان کے ٹیسٹ میں نرمی کا اعلان کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی محکمہ داخلہ ( ڈی ایچ اے ) نے ویزا درخواستوں کے لئے TOEFL سکور کی منظوری پر عارضی معطلی کو ختم کر دیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ درخواست دہندگان اپنی انگریزی زبان کی مہارت کو ظاہر کرنے کے لئے ایک بار پھر ٹیسٹ آف انگلش ایز فارن لینگویج (TOEFL) iBT ٹیسٹ کے نتائج کا استعمال کر سکتے ہیں۔گزشتہ سال جولائی میں آسٹریلوی محکمہ داخلہ نے TOEFL سکورز کی منظوری کو عارضی طور پر روک دیا تھا اور مکمل جائزہ لینے کا عمل شروع کیا تھا تاہم محتاط غور و خوض کے بعد ٹیسٹ آف انگلش ایز فارن لینگویج سکور کو اب دوبارہ ویزا درخواستوں کے لئے درست دستاویزات کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے جو کہ فوری طور پر موثر ہے۔
TOEFL کیا ہے ؟TOEFL ایک معیاری ٹیسٹ ہے جو غیر مقامی زبان بولنے والوں کی انگریزی زبان کی مہارت کو جانچنے کے لئے تیار کیا گیا ہے، یہ آسٹریلیا کی تمام یونیورسٹیوں سمیت عالمی سطح پر یونیورسٹیوں اور اداروں کی طرف سے وسیع پیمانے پر پہچان رکھتا ہے۔
آسٹریلیا کے ویزوں کے لئے TOEFL سکورز:آسٹریلیائی امیگریشن کا حکم ہے کہ درخواست دہندگان انگریزی زبان میں مہارت کی ایک خاص سطح کا مظاہرہ کریں تاکہ موثر مواصلات اور آسٹریلیائی زندگی میں رہن سہن کو یقینی بنایا جاسکے، TOEFL سکور جمع کروانا اس ضرورت کو پورا کرنے اور ویزا کی درخواست کو تقویت دینے کے لئے ایک ذریعے کا کام کرتا ہے۔
انگریزی زبان کے متبادل ٹیسٹ:آسٹریلیا دیگر انگریزی زبان کی مہارت کے امتحانات کے سکور کو بھی تسلیم کرتا ہے جن میں بین الاقوامی انگلش لینگویج ٹیسٹنگ سسٹم (IELTS)، پیئرسن ٹیسٹ آف انگلش (PTE)، کیمبرج انگلش (CAE) او اے ٹی (OET) شامل ہیں۔آسٹریلوی حکام کی جانب سے TOEFL کی منظوری کو دوبارہ شروع کرنا ویزا کے طریقہ کار کو آسان بناتا ہے جس سے بین الاقوامی طلبائ، پیشہ ور افراد اور تارکین وطن کے لئے آسانی ہوتی ہے جو آسٹریلیا میں اپنا کیرئیر شروع کرنا چاہتے ہیں۔