اسلام آباد(عامررفیق بٹ)سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سراج الحق کو چاہیے کہ پیپلزپارٹی پر تنقید کرنے سے قبل اپنی جماعت کی تاریخ یاد کرے۔ انہوں نے سراج الحق سے سوال کیا کہ وہ اپنی جماعت کی طرف سے قائداعظم کے خلاف کفر کے فتوے اور پاکستان کے قیام کے خلاف بیان بازی پر معافی مانگیں گے؟ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سراج الحق پیپلزپارٹی پر آئی پی پیز کے معاہدوں پر تنقید کرتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پیپلزپارٹی نے اس وقت آئی پی پیز معاہدے کئے تھے جب ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے بجلی کی پیداوار بڑھی تو چھوٹے چھوٹے قصبوں اور کھیتوں میں بنے ہوئے گھروں تک بجلی پہنچائی گئی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں بجلی کی پیداوار میں اس قدر اضافہ ہوا کہ پاکستان کسی دوسرے ملک کو بجلی فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سراج الحق سودی نظام کی ایسے ہی مخالفت کر رہے ہیں جیسے پرویز مشرف کے ایل ایف او کی مخالفت کر رہے تھے۔ سراج الحق خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ رہے تو وہاں سودی نظام کو ختم نہیں کیا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں بھرپور دھاندلی ہوئی ہے، فیصل کریم کنڈی