اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کرغستان میں پاکستانی طلبہ کے خلاف پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بشکیک میں پاکستانی طلبہ کو ہر قسم کی مدد و معاونت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے وزارتِ خارجہ پر بھی زور دیا ہے کہ بشکیک میں پاکستانی طلبہ کے تحفظ کے لیے یقینی اقدامات کیئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشکیک میں پاکستانی سفارتخانہ بھی طلبہ سے رابطے اور پاکستان میں موجود ان کے اہلخانہ تک درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے نوجوان بیرونِ ملک میں، بشمول کرغستان، پاکستان کے سفیر ہیں۔ انہوں نے پاکستانی نوجوان کو اپیل کرتتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل حالات میں تحمل و ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغستان دو برادر اسلامی ممالک ہیں، اور کرغستان بلاشبہ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے۔ دونوں ممالک کے عوام باہمی دوستانہ تعلقات کے لیے ہمیشہ پرجوش رہے ہیں۔ پاکستان اور کرغستان کے باہمی احترام و بھرپور تعاون پر کھڑے دوطرفہ تعلقات ہر موسم میں آزمودہ ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ حکومتِ کرغستان اپنی سرزمین پر پاکسانیوں کا ہمیشہ اسی طرح خیال رکھے گی جیسے وہ اپنے شہریوں کا رکھتی ہے۔