اسلام آباد(بیورو رپورٹ) ممتاز کشمیری راہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ دنیا مسئلہ کشمیر سے آگاہ اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے، کشمیری عوام کی تحریک اپنے بنیادی حق کے حصول کیلئے ہے اوورسیز کشمیری و پاکستانی بیرون ممالک میں تحریک آزادی کشمیر کیلئے گرانقدر کردار ادا کررہے ہیں ہم پاکستانی ملت کے شکرگزار ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا استقبالیہ تقریب سے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی کنوینر تحریک حریت کشمیر غلام محمد صفی جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے راہنما محمد رفیق ڈار بزنس فورم آزاد کشمیر کے صدر سردار عمران عزیز، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ، صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی، قائم مقام سیکرٹری این پی سی سید عون شیرازی، امجد چوہدری، عابد عباسی سحرش قریشی، خالد گردیزی۔ راجہ بشیر عثمانی نے خطاب کیا ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے لازوال جدوجہد کے ذریعے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، دنیا کشمیریوں کی حمایت کررہی ہے آزاد کشمیر و پاکستان کے عوام ہمارے ساتھ ہیں، بیرونی ممالک میں 59 مشنز اور سفارت خانوں اور ان لوگوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جودنیا کی پالیسیاں بناتے ہیں اور پالیسیوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، سابق امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات میں انہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہ کیا، اوباما کشمیر پر اپنا کردار ادا کرنا چاہتے تھے، انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ دنیا مسئلہ کشمیر سے آگاہ نہیں ہے یا کشمیر کے حالات سے بے خبر ہے، دنیا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے گو کہ دنیا کے چند ممالک بعض وجوہات کی وجہ سے ہمارا ساتھ نہیں دینا چاہتے تاہم اکثر ممالک ہمارا ساتھ دینا چاہتے ہیں جبکہ امریکہ بھی چاہتا ہے کہ بھارت و پاکستان مسئلہ کشمیر حل کریں، ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ ہم میں سے ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا، ہم آزاد کشمیر و پاکستان حکومت سے درخواست گزار ہیں کہ وہ افریقن ممالک کے لیے وفود تشکیل دیں تاکہ وہ لابنگ کرسکیں، ہمیں امید رکھنی چاہیے کہ ان شاءاللہ کشمیری اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے، مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد پورے عزم و حوصلے سے جاری ہے، مشکلات آتی رہتی ہیں لیکن ہمت حوصلہ نہیں ہارنا چاہیئے، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی سفارتی حمایت جاری رکھی ہے، سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کشمیر پر قومی پالیسی موجود ہے، پاکستان و کشمیر لازم و ملزوم ہیں کشمیر کو پاکستان ایک لمحہ کےلیے بھی نظر انداز نہیں کرسکتا، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری حق خودارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں، بھارت کو حقاہق تسلیم کرنا ہوں گے،تحریک حریت کشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل بالکل واضح ہے، کشمیری عوام حق خودارادیت سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہوں گے، حق خوداردیت کی تحریک پورے عزم سے جاری ہے اور جاری رہے گی، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے میڈیا کے محاذ پر بہت کام کی ضرورت ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر کے حالات کا درست تجزیہ کرنے اور اصل صورتحال سے عالمی دنیا کو آگاہ کرنا وقت کا تقاضاہے۔ صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں کی مشکلات کو سمجھتے ہیں، میڈیا کی سطح پر ہم اپنے حصے کا کردار ادا کریں گے اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔قائم مقام سکرٹری این پی سی سید عون شیرازی نے استقبالیہ تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کہ شہ رگ ہے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارت حمایت جاری رکھے گا، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں ہے کہ جب کشمیری بھارتی تسلط سے آزاد ہونگے ۔