اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔
نامعلوم افراد کی جانب سے پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر حملہ اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر کیا گیا۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی پر نامعلوم افراد نے بلیڈ سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
رؤف حسن جی سیون میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر سے جونہی باہر نکلے تو نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کردیا جس سے وہ زخمی ہوگئے، ان چہرے پر زخم آیا اور خون بہنے لگا۔
واقعہ کے فوری بعد نجی ٹی وی چینل کے اسٹاف کے کچھ لوگ باہر آگئے اور رؤف حسن کو اندر لے گئے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے رؤف حسن پر نامعلوم افراد کے حملے کا کا معاملہ ایوان بالا سینیٹ میں اٹھا دیا۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ مجھے رؤف حسن پر حملے کی اطلاع ملی ہے، رؤف حسن پر حملہ کرکے انہیں زخمی کیا گیا ہے، یہ واقع سنجیدہ معاملہ ہے، بات یہاں تک آگئی ہے کہ سب سے بڑی جماعت کے ترجمان پر حملہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ وزیر داخلہ اس وقت ایوان میں موجود نہیں، میں ان سے یا آئی جی سے معلومات لے کر ایوان کو آگاہ کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ رؤف حسن پر حملے کے معاملے پر قانون کے مطابق عملدرآمد ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے پارٹی ترجمان پر نامعلوم افراد کے حملے کے خلاف ایوان بالا سے احتجاجاً واک آؤٹ کردیا۔
رؤف حسن پر حملہ کرنے والے کون تھے؟
ذرائع کے مطابق حملہ کرنے والے 5 سے 6 خواجہ سرا تھے، خواجہ سراؤں کی جانب سے رؤف حسن کے چہرے پر بلیڈ سے حملہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں، پولیس نجی چینل کے باہر سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر رہی ہے۔