اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں رؤف حسن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں اقدام قتل، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کی ایف آئی آر نامعلوم خواجہ سراؤں کے خلاف درج کی گئی ہے۔
رؤف حسن کی ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹی وی پروگرام میں شرکت کے بعد پارکنگ کی طرف جا رہا تھا تو حملہ ہوا، بظاہر خواجہ سرا نظر آنے والے شخص نے مجھے روک کر حملہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دوران مزید 3 خواجہ سرا جیسے افراد آگئے اور جان لیوا حملہ کیا، جان سے مارنے کے لیے تیز دھار آلے سے میری گردن کاٹنے کی کوشش کی گئی، میں خود کو بچانے کے لیے پیچھے ہٹا تو میرے چہرے پر تیز دھار آلے سے کٹ لگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے ایف آئی آر میں یہ بھی کہا کہ 2 روز قبل بلیو ایریا میں بھی ایسے ہی حملے کی کوشش ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر جی سیون مرکز اسلام آباد میں خواجہ سراؤں نے بلیڈ سے حملہ کیا تھا جس میں ان کا چہرہ زخمی ہو گیا تھا۔