اسلام آباد(شہران چیمہ) صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے 28 مئی کو یوم تکبرکےموقع پر لیاقت باغ راولپنڈی میں تکبیر کانفرنس کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو جتنے خطرات آج ہیں پہلے کبھی نہ تھے، پاکستان اور ایٹمی پروگرام لازم و ملزوم ہیں، پاکستان ایٹمی طاقت بننے کے بعد نا قابل تسخیرہو گیا ہے، اب دشمن اسکی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ایٹمی پروگرام کے شروع کرنے سے لیکر تکمیل تک کام کرنے والے تمام لوگ ہمارے ہیروز اور باعث فخر ہیں، پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایک نظریاتی پارٹی ہے جو نظریہ پاکستان پر یقین رکھتی ہے، اسرائیل کو تسلیم کرینگے نہ کرنے دینگے، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی صدرخالد مسعود سندھونے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پارٹی کے اسلام آباد زون کے صدر چوہدری شفیق الرحمان، جنرل سیکرٹری اسلام آباد انعام الرحمان، جنرل سیکرٹری راولپنڈی انجینئر مبین، یاسر عرفات بٹ، میڈیا کوآرڈینیٹر نوید احمد و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک اس وقت تک محفوظ نہیں رہ سکتا جب تک اسکی سرحدیں محفوظ نہ ہوں، ملک میں خلفشار کے باوجود اس ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے تمام لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے تمام تر رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود یہ صلاحیت حاصل کرکے اس ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا،اس پروگرام کو روکنے اور رول بیک کرنے کی بہت کوششیں کی گئیں مگر تمام قوم کے اتحاد و اتفاق سے یہ کوششیں ناکام بنا دی گئیں،پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک کومسائل سے نکالنے کے جذبے سے شرشار ہے، اسرائیل کو تسلیم کرینگے نہ کرنے دینگے،انہوں نے مزید کہا کہ 28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر لیاقت باغ راولپنڈی میں ایک عظیم الشان تکبیر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام مکتبہ فکر کے لوگ شرکت کرینگے،اس روز پورے پاکستان میں ریلیاںبھی نکالی جائینگی،اس ملک کو نظریہ پاکستان کے تحت چلایا جائے تب ہی یہ آگے بڑھ سکتا ہے،اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد زون کے صدر چوہدری شفیق الرحمان کا کہنا تھا کہ 28 مئی کی پاکستان کی تاریخ میں اہم حیثیت ہے کیونکہ اس دن پاکستان امت مسلمہ کی پہلی ایٹمی قوت کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، یہ دن تمام پاکستانیوں کیلئے باعث فخر و افتخار ہے، اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ اس دن لیاقت باغ راولپنڈی میں ایک عظیم الشان تکبیر کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے اس پروگرام کے کرانے کا مقصد پاکستان کے عوام کو امید دلانا اور مایوسی سے دور رکھنا ہے، ڈی چوک میں سیو غزہ کمپین کے دھرنا شرکاء پر گاڑی چڑھانے اور اسکے نتیجے میں معصوم جانوں کے ضیاع کی مکمل تحقیقات ہونا چاہیئے اور واقعہ میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جانا چاہیئے۔