اسلام آباد(بیورو رپورٹ))پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے وفد کی صورت میں ایران کے سفارت خانہ میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر ایرانی رہنماؤ ں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر دکھ کا اظہار کیا۔وفد میں ا پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد زون کے صدر چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ،جنرل سیکرٹری اسلام آباد انعام الرحمان ودیگر شامل تھے، خالد مسعود سندھو نے مہمانوں کی کتاب میں تعزیتی تاثرات بھی قلمبند کئے۔خالد مسعود سندھو،چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ ودیگر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر افراد کی وفات پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے، پاک ایران تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ان کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایرانی قوم کیساتھ ہیں۔