اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) ہمارے بعد آزادہونے والی اقوام کی ترقی کا راز سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تعلیم ہے۔ کم آمدنی والے نجی تعلیمی ادارے شرح خواندگی بڑھانے کے ساتھ قومی خدمت سر انجام دے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الله خان نے پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کے وفد سے ملاقات میں کیا انہوں نے کہ آج ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل کرنے کے لئے ایک دوسرے کا معاون بننا ہوگا ۔ پی ایس این کے بانی و مرکزی صدر ڈاکٹر محمد افضل بابر نے کہا کہ ہم دو دہائیوں سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 85فیصد طلبہ کی تعلیمی خدمت اپنی مدد آپ کے تحت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بہتر قومی تعلیمی اہداف کے حصول کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ شپ کے ذریعے ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے چیئرمین سائنس فاؤنڈیشن کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں کم آمدنی والے نجی تعلیمی اداروں کی سرپرستی سے ہمارا حقیقی ٹیلنٹ پالش ہو سکتا ہے ۔وفد میں پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کے مرکزی سیکرٹری جنرل مقبول حسین ڈار ، زون صدر سلیم خاں، عامر شہزاد ، مدثر عبید، فنانس سیکرٹری حافظ محمد ارشد اور کوآرڈینیٹر ینگ ٹیچرزفورم حفصہ صالحہ شامل تھے۔