اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے تاجکستان کے دورے کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ عظیم ابراہیم اوروزیر اکنامک ڈویلپمنٹ و ٹریڈ زوقی زودا زوقی امین سے ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت میں اضافے، گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں پر پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز اور دونوں ملکوں کے مابین”آرگینک ایکسپورٹ”میں اضافے کی تجاویز پر اتفاق کر لیا ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے تاجکستان اور پاکستان کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اچھے ہمسایہ ممالک کسی نعمت سے کم نہیں ہوتے،تاجکستان سینٹرل ایشیا کے ممالک کے لئے پاکستان سے تجارت کا “گیٹ وے” ہے۔انہوں نے دوشنبے سے لاہور یا کراچی ہفتے میں ڈائریکٹ فلائٹ کے آغاز کے لئے بھی اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں اضافے کے لئے پاکستان میں تاجکستان کے سفیر کے طور پر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو “آرگینک ایکسپورٹ”کو بھی بڑھانا ہوگا جبکہ تاجکستان سے چین اور افغانستان کے راستے پاکستان کی تجارت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے دونوں ممالک کے درمیان معیاری اور کشادہ شاہراہوں کی تعمیر پر بھی اتفاق کیا۔اسی طرح پاکستان اور تاجکستان کے مابین بزنس ٹو بزنس دوروں میں اضافے پر بھی بات چیت ہوئی جس کیلئے عملی پیش رفت کرنے پر اتفاق ہو گیا۔
قبل ازیں اپنے دورہ تاجکستان پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان منگل کے روز دوشنبہ پہنچے تو ائیر پورٹ پر تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ عظیم ابراہیم نے اُن کا والہانہ استقبال کیا۔عبدالعلیم خان نے شاندار مہمان نوازی پر دونوں وزرائے صاحبان عظیم ابراہیم اور زوقی زودا زوقی امین کا شکریہ ادا کیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ کے علاوہ وزیر اکنامک ڈویلپمنٹ و ٹریڈ کے دفاتر کا دورہ کیا جہاں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور اور اہم معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان دوشنبہ تاجکستان میں 29مئی بدھ کے روز بھی مصروف دن گزاریں گے اور وہاں سرمایہ کاری،دو طرفہ تجارت اور دیگر اہم امور سے متعلق اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔