کراچی(پریس ریلیز) پاکستان کوسٹ گارڈزنے اپنی انٹیلیجنس ذرائع کی بنیاد پرکوئٹہ کراچی شاہراہِ پر وندر کے مقام پر چیکنگ کے دوران کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافرکوچ سے 5490 کلوگرام چھالیہ، 533 پیکٹ گٹکا اور 591 اسٹکس غیر ملکی سگریٹ بر آمد کر کے قانونی کاروائی شروع کر دی ہے۔علاوہ ازیں گوادر(بلوچستان) پنوان چیک پوسٹ پر مختلف مسافر کوچزسے 12 غیر قانونی تارکین وطن کوگرفتارکر لیا گیا۔ یہ تمام افراد بغیر کسی قانونی دستاویزات اور راہ داری کے غیر قانونی طریقہ سے پاکستان سے ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے بعدان تمام افراد کو مزید تفتیش اور دیگر قانونی کاروائیوں کے لیے ایف آئی اے حکام کے حوالے کر دیا گیاہے۔واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اسمگلنگ جیسی لعنت سے نجات دلائی جا سکےاور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے.