اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کے افسران اپنی ٹیم کی استعداد بڑھانے کے لیے مسلسل متحرک ہیں۔ اگرچہ سالانہ تقریباً 92,000 شکایات موصول ہوتی ہیں اور محدود وسائل اور عملہ ہونے کے باوجود، یہ محکمہ اپنی پوری استطاعت کے مطابق ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔حال ہی میں، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل وقار الدین سید نے پاکستان بھر سے متعدد افسران کو ڈیجیٹل وسیب اور نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی تربیتی پروگرام میں شامل کرایا۔ڈیجیٹل وسیب کے سی ای او ڈاکٹر عثمان خان کے ساتھ ایک حالیہ ملاقات میں، ڈپٹی ڈائریکٹر محمود الحسن نے بتایا کہ ملک بھر سے موصول ہونے والی بڑی تعداد میں شکایات کی جانچ اور ترجیحی بنیادوں پر ان پر فوری کارروائی کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم ونگ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے فوری اور اہم شکایات کی موثر کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے ایک منصوبہ شروع کرنے جا رہا ہے۔ اس سے غیر متعلقہ شکایات کی چھانٹی بھی آسان ہو جائے گی۔