پشاور(بیورو رپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان انجینئر احسان اللہ خان نے تربت میں سڑک کنارے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون اور دو بچوں کی شہادت افسوسناک ہے۔ دہشتگرد عناصر بزدلانہ کارروائيوں سے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی دھماکے میں متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کسی بھی مذہب میں روا نہیں۔ ایسی کارروائیوں میں ملوث لوگ انسانیت کے دشمن ہیں۔ حکومت اور متعلقہ ادارے ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔ ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔