اسلام آباد(آئی ایم ایم)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے برطانیہ کی لیبر پارٹی کے نومنتخب وزیراعظم کیر اسٹارمر کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اسپیکر نے اپنے جاری تہنیتی پیغام میں برطانیہ کی نئی نو منتخب قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تاریخی، دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کو بڑھانے سے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔
اسپیکر نے اس امید کا اظہار کیا کہ برطانیہ کی نو منتخب حکومت اپنی عوام کی بہتری اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجز کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ برطانیہ کے نو منتخب وزیراعظم اور ان حکومت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔