اسلام آباد(محمد حسین)عالمی یوتھ فٹبال کپ ’’ناروے کپ2024‘‘ کےلیے پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کا فائنل تربیتی کیمپ اسلام آباد میں شروع ہوگا۔تربیتی کیمپ اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں 21جولائی سے 25جولائی تک جاری رہے گا جس میں ناروے کپ2024 کےلیے اسکواڈ کا انتخاب فائنل کیا جائے گا۔قومی ٹیم ایونٹ میں حصہ لینے کےلیے 25 جولائی کو ناروے کےلیے اڑان بھرے گی۔اس سے قبل پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ ماہ ملک بھر میں ناروے کپ کےلیے ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی ناروے کپ کا انعقاد27 جولائی سے 3 اگست تک ناروے کے شہر اوسلو میں ہوگا۔پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم پانچویں مرتبہ میگا ایونٹ میں شرکت کررہی ہے۔
قومی ٹیم نے ناروے کپ 2015 میں دوسری اور 2016 میں تیسری ،2023 میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔یاد رہے گزشتہ سال ناروے کپ میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم رہی تھی۔۔2022 میں دوحہ (قطر)میں ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈکپ میں قومی ٹیم گروپ میچز میں ناقابل شکست رہی تھی، تاہم پاکستان ٹیم کو فیصلہ کن معرکے میں مصر کیخلاف 3-4 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔خیال رہے کہ پاکستان ٹیم اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈکپ 2018روس میں بھی رنر اپ تھی جبکہ 2014برازیل میں وہ تیسرے نمبر پر رہی تھی۔