لاہور(آئی ایم ایم)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں ایشین پیسیفک افریکن کمبائنڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں 15 گولڈ میڈلز جیتنے والی ورلڈ ریکارڈ ہولڈرز سہیل سسٹرز کی مینارٹی ونگ پنجاب کے نائب صدر ایڈون سہوترا کی قیادت میں ملاقات کی۔اس موقع ٹوئنکل سہیل، ویرانیکا سہیل، سائبل سہیل، مریم سہیل، منیجر سہیل جاوید کھوکھر،کوچ ملک محمد راشد اور عاصم عدنان بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ٹوئنکل سہیل نے اپنا گولڈ میڈل شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام کرنے کا اعلان بھی کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ تینوں بہنوں ٹوئنکل سہیل، ویرانیکا سہیل، سائبل سہیل،نے ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ تین براعظموں کے پاور لفٹنگ کے مقابلے میں 15 گولڈ میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا.
بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی قوم کے ہیرو اور ملک کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاورلفٹنگ کھلاڑی محنت کر کے اولیمپکس کے لیے بھی کوالیفائی کریں گی اور ملک کا نام روشن کریں گی،ٹوئینکل سہیل نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستانی خواتین کے لیے ایک رول ماڈل تھیں۔ محترمہ بینظیر بھٹو نے پہلی خاتون وزیراعظم بن کر ثابت کیا کہ خواتین محنت اور جذبے سے معاشرے میں بلند مقام حاصل کر سکتی ہیں۔ آخر میں گورنر پنجاب نے کھلاڑیوں کو تعریفی اسناد دیں اور ان کی کارکردگی کو سراہا.