اسلام آباد(آئی ایم ایم)صدر مملکت آصف علی زرداری نے حالیہ بارشوں میں ملک کے مختلف حصوں میں جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بارشوں سے متاثرہ لوگوں کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے بارشوں کے باعث حادثات میں جا ں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں سے منسلک حادثات اور قیمتی جانی نقصان سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حادثات سے بچاؤ اور نکاسی آب کیلئے انتظامیہ کو بروقت اقدامات لینا ہوں گے۔ آصف علی زرداری نےحادثات میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔