گوجرانوالہ( بیورو رپورٹ)صوبائی وزیرٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی پنجاب بلال اکبر خاں کا مون سون کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ محمد طارق قریشی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ اور ڈائریکٹر انجینئرنگ واسا کاشان حفیظ بٹ کے ہمراہ واسا ایمرجنسی ریلیف کیمپس اور واسا ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کیمپس میں شہریوں کی موصول شکایات کے ازالے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ شہر میں نکاسی آب کے انتظامات مزید موئثر بنانے کی ہدایت کی تاکہ بارش کے بعد شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رہے.
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ شہر سے پانی کے فوری نکاس کے لیے بہترین اقدامات کئے جائیں، نشیبی علاقوں میں خصوصی سیوریج اسکواڈ تعینات کئے جائیں، سیوریج لائنوں اور نالوں کی مسلسل صفائی کی جائے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر انجینئرنگ واسا کاشان حفیظ بٹ نے صوبائی وزیرٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی پنجاب بلال اکبر خاں کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ واسا گوجرانوالہ کا عملہ نکاسی آب کے لئے میدان عمل میں موجود ہے۔ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز اور مشینری کو فعال رکھا جا رہا ہے تاکہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں کو جلد از جلد کلیئر کیا جائے۔تمام ڈسپوزل اسٹیشنز پوری استعداد کے ساتھ چل رہے ہیں تمام دستیاب وسائل کو احسن طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے نکاسی آب کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔