اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ملک ریاض، شہزاد اکبر، فرح گوگی اور دیگر کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں شریک ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز ہوگیا۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔
حکمنامے کے مطابق ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کرائی، ریفرنس میں شریک 6 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہو سکی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزم ملک ریاض، مرزا شہزاد اکبر، ضیاء المصطفی نسیم کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہو سکی۔ ملزم زلفی بخاری، احمد علی ریاض، فرحت شہزادی کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہو سکی۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان جان بوجھ کر وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہونے دے رہے اورخود کو چھپا رکھا ہے۔ ملزمان کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے دینے کا مقصد قانونی نظام کو خراب کرنا ہے۔
عدالت اس حوالے سے مطمئن ہے کہ ملزمان مفرور ہیں، گرفتاری سے بچنے کے لیے چھپے ہوئے ہیں۔ احتساب عدالت سیکشن 87 کے تحت مفرور ملزمان کےخلاف اشتہاری کے نوٹسز جاری کرتی ہے۔ ملزمان کے حوالے سے ان کی رہائش گاہوں کے باہر اشتہارات چسپاں کیے جائیں۔
مزید پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل: ملک ریاض، شہزاد اکبر کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
ملزمان کے آبائی، رہائشی علاقوں میں بھی اشتہارات کو اونچی آواز میں پڑھا جائے، ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دیے جانے کی مزید کارروائی 6 جنوری 2024 کو ہوگی۔