اسلام آباد(آئی ایم ایم)انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے راہنماؤں نے ملک میں آئین اورطلبہ یونیز کی بحالی کیلئے ملک گیر طلبہ تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے،نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی ایس ایف کے مرکزی صدرارسلان حفیظ اور سینئر نائب صدر امجد علی کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں جبر اور فسطائیت کا نظام چل رہا ہے،ایک طرف غریب آدمی مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہے جبکہ دوسری طرف بجلی کےبے تحاشا بلزنے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے،حکمران طبقہ کی طرف سے مفاد عامہ کے بجائے اپنے اقتدار کو طوالت دینے کیلئے قانون سازی کی جاتی ہے.
موجودہ حالات کی وجہ سے ملک کے ستر فیصد نوجوان ملک چھوڑنا چاہتے ہیں،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کیلئے صحت ،تعلیم، اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات فراہم کرے،ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی ہونا چاہیئے،وقت آن پہنچا ہے عوام اپنے حقوق کے حصول اور ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے باہر نکلیں، ہم حکمرانوں کی راستے کی رکاوٹ بنیں گے،اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنے حقوق لینے کیلئے طلبہ نے ملک گیر پر امن تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے یہ ملک بھر کی طلبہ تنظیموں کی مشترکہ تحریک ہوگی،ہمارے مطالبات میں ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی، انصاف کی فراہمی، تمام سیاسی اسیران کی فی الفور رہائی،کالج اور یونیورسٹیزکی فیسزمیںتیس فیصد کمی کی جائے،تمام جبری ٍگمشدہ افراد کو رہا کیا جائے.
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک آئین کی مکمل بحالی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا،ڈنڈے اور طاقت کے زور پر زیادہ دیر حکمرانی نہیں کی جا سکتی،اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کر کے سزا دی جائے مگر جو بے گناہ ہیں انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ ہم وطن عزیز پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں،اس وقت طلباءچارجڈ ہیں،بہت جلد اسلام آباد میںایک بہت بڑی ریلی نکالیں گے،یہ ملک بھر کی تمام طلبہ تنظیموں کی مشترکہ تحریک ہوگی،ہم اپنی اس تحریک کو کسی کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دینگے،اگر ہماری طلبہ قیادت کو گرفتار کیا گیا تو باقی طلبہ اس پر امن تحریک کو جاری رکھیں گے،اس موقع پرجنرل سیکرٹری اسلام آبا محمد صہیب الیاس، ملک نجم خان رہنماءآئی ایس ایف، چوہدری عمیر شوکت صدر شمالی پنجاب بھی موجود تھے۔