پیرس، فرانس (سپورٹس رپورٹر) ایشیاء اتھلیٹکس کے نائب صدر و سائوتھ ایشیاء اتھلیٹکس کے چیئر مین میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم نے دنیا میں پیرس اولمپک گیمز میں ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرس فرانس میں پیرس اولمپک گیمز میں ارشد ندیم کی جیولین تھرو کے ایونٹ میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کا صدر بھی رہ چکا ہوں اور میرے سیمت ہر پاکستانی کی یہ ہی خواہش تھی اور ارشد ندیم کا بھی یہ خواب تھا کہ ایک دن ضرور آئے گا کہ میں پیرس اولمپک گیمز میں میڈلز لا کر ملک و قوم کو یوم آزادی کے موقع پر خوشخبری دوں جو کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اس کا خواب پورا کر دیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل محمد اکرم ساہی نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن نے 2020-2021 میں کرونا وائرس کے دوران بھی ارشد ندیم کو چین اور جنوبی افریقہ تربیت کے لئے بھیجا اور ارشد ندیم نے دن رات بھرپور محنت کی اور فیڈریشن نے بھی ارشد ندیم کو تربیت کے لئے تمام وسائل اور سہولیات فراہم کیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور پرائیویٹ سیکٹرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ وہ کھیل بھی ترقی کر سکیں۔میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے ارشد ندیم کو پیرس اولمپک گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔