اسلام آباد (آئی ایم ایم) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ قوم میں امید کا خاتمہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے،حکومت کی نااہلی کی سزا ریاست اور عوام کو مل رہی ہے،ملک میں فوج اور عوام کے درمیان منافرت پھیلانے والوں کی سازش کو ناکام بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،آئی پی پیزکیساتھ یکطرفہ معاہدےعوام کیساتھ ظلم ا ور زیادتی ہےاسکو ختم ہونا چاہیئے،آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیئے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو گرینڈ ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے،ملک میں بہتری کیلئے بلا تفریق احتساب کی اشد ضرورت ہے۔
سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں”میری پہچان پاکستان ” کے پلیٹ فارم سے یوم پاکستان کے حوالے اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقدہ پروگرام سے دبئی سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا،انکا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان بے پناہ مسائل کا شکار ہے اور اسے کئی سنگین مسائل مثلا” مہنگائی، معیشت کی ابتری،سیاسی عدم استحکام کا سامنا ہے،ا س مہنگائی کا براہ راست اثر عوام پر پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے عوام میں مایوسی اور نا امیدی پیدا ہو رہی ہے اور ملک کا ستر فیصد نوجوان ملک چھوڑنے کی کوششیں کر رہا ہے،ہمیں ملک کے نوجوان کو نا امیدی سے نکال کر امید کا دیا جلانا ہے،جمہوریت عوام اور ریاست کے درمیان سوشل کنٹریکٹ ہوتا ہے،اگر حکومت پرفارم نہ کر سکے تو اسکا نقصان عوام کو اٹھانا پرتا ہے.
آجکل عوام کیلئے بجلی کے بلز سب سے بڑا مسئلہ بنے ہوئے ہیں،آئی ایم ایف کی جانب سےسبسڈی ختم کرنے کے بعد یہ مسئلہ کھل کر عوام کے سامنے آیا ہے اور انہیں معلوم ہوا ہے کہ اصل میں ان کے ساتھ ہوتا کیا رہا ہے،یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ ملک کو اس وقت بجلی کی ضرورت سترہ ہزار میگا واٹ ہے جبکہ ٹرانسمیشن لائنز چوبیس ہزار مگا واٹ کا بوجھ اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں مگرعوام سے 48 ہزار میگا واٹ کی وصولی کی جا رہی ہے جو کہ عوام کیساتھ و زیادتی ہےاسکو ختم ہونا چاہیئے،آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیئے، عوام کو ریلیف اور سہولیات فراہم کرنا حکومت کا کام ہے،حکومت کو ری ایکٹ کی جگہ ایکٹ کرنے کی ضرورت ہے،حکومت کی نااہلی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں،پاکستان کی مسلح افواج کی ملک کیلئے قربانیاں لازوال ہیں،عوام اور فوج کے درمیان منافرت پھیلانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں انکا راستہ رکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ملک میں بہتری کیلئے بلا تفریق احتساب کی اشد ضرورت ہے، ملک کر بحرانوں کے نکالنے کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے.
عوام کیساتھ سچ بولنے کی ضرورت ہے،گرینڈ ڈائیلاگ سمیت ملک کی بہتری کیلئے جو کر سکا ضرور کرونگا،قبل ازیں پروگرام کی میزبا ن ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت سیدہ فردوس نے تقریب میں شریک شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری پہچان پاکستان سلوگن ایک نظریئے کا نام ہےجس پر چل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینگے،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ہمیں کسی تجربہ کار شخصیت کی ضرورت ہے اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد ہمارے ساتھ موجود ہیں،تقریب سے کیپٹن پائلٹ شہناز لغاری،مجیب الرحمان ایڈووکیٹ،مہتاب رفیق، بشپ شاہد محمود،صاحبزادہ ریاض خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔